کراچی اقوام متحدہ کی پولیو ٹیم کی گاڑی پر حملہ ‘غیر ملکی ڈاکٹر اور ڈرائیور زخمی :دیگر واقعات میں 2افراد ہلاک 2زخمی

کراچی اقوام متحدہ کی پولیو ٹیم کی گاڑی پر حملہ ‘غیر ملکی ڈاکٹر اور ڈرائیور ...

  

کراچی(آن لائن) کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ افغان بستی میں اقوام متحدہ کی انسداد پولیو مہم ٹیم کی گاڑی پر فائرنگ ،غیر ملکی ڈاکٹر اورڈرائیور زخمی ہوگئے ،واقعہ کے بعد پولیس اور رینجرز کا سرچ آپریشن متعد د افراد کو حراست میں لے لیا گیا ،پولیس نے ملزمان سے اسلحہ برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں نامعلوم افراد نے اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں غیر ملکی ڈاکٹرفوسٹن ڈیوس اورگاڑی کا ڈرائیور محمود شامل ہے۔ دونوں زخمیوں کو طبی امداد کیلئے پٹیل ہسپتال گلشن اقبال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں افراد کی حالت خطے سے باہر ہے۔پولیس کے مطابق اقوام متحدہ کی گاڑی میں سوار میڈیکل ٹیم انسداد پولیو مہم کیلئے افغان کیمپ گئی تھی۔ گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اقوام متحدہ کے سفارتخانے کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی۔واقعہ کے بعدسہراب گوٹھ افغان بستی میںپولیس اور رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے 4 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن کے دوران ایک مکان سے برآمد ہونے والا اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا ہے۔پولیس کے مطابق افغان بستی میں کی جانے والی پولیس کی کارروائی سہراب گوٹھ میں اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کی جا رہی ہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق منگھوپیر میں نائی کی دکان پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دکان پر کام کرنے والا شخص جاں بحق ہوگیاجس کی لاش عباسی شہید ہسپتال منتقل کردی گئی ہے ۔لانڈھی کے علاقے شیرپاﺅ کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے عوامی نیشنل پارٹی کی سندھ کونسل کے رکن اور پختون سٹوڈنٹ فیڈریشن کے سابق سیکرٹری فضل امین کو موت کے گھاٹ اُتاردیا۔ اے این پی نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کامطالبہ کیا۔

مزید :

صفحہ اول -