ایف آئی اے نے رحمان ملک کو 321انتہائی مطلوب انسانی سمگلروں کی فہرست پیش کردی :گرفتاری کا حکم
لاہور(زاہد علی خان) ایف آئی اے کے ایک اعلیٰ افسر نے گزشتہ روز سینئر مشیر داخلہ رحمان ملک کو 321انتہائی مطلوب انسانی سمگلروں کی ایک فہرست پیش کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے ان انسانی سمگلروں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے، حکومت نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ اس فہرست میں شامل انسانی سمگلروں کو گرفتار کرنے کے لئے فوری کارروائی کی جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں 110ایسے انسانی سمگلر ہیں جو بیرون ممالک روپوش ہیں وہ گزشتہ کئی سالوں سے باہر گئے ہوئے ہیں جو گرفتار نہیں کئے جا سکے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ان انسانی سمگلروں کو ایف آئی اے کے افسران اور اہلکاروں کی بھی پشت پناہی حاصل رہی ہے اور ایسے افسران کے بارے میں حکام سے مفاہمت بھی کی گئی ہیں مگر سردست کوئی کارروائی نہ ہو سکی رپورٹ کے مطابق گجرات، جہلم، لالہ موسیٰ، سیالکوٹ، رالوپنڈی گوجرانوالہ شیخوپورہ، سیالکوٹ اور ملتان کے بیشتر افراد انسانی سمگلنگ کا یہ دھندہ کر تے ہیں اور لوگوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرونی ممالک بھجوانے میں پیش پیش ہیں ایک ایف آئی اے کے ایک افسر نے بتایا کہ بیرون ملک روپوش انسانی سمگلروں کو واپس لانے کے لئے بھی رابطے کئے جا رہے ہیں۔