عوامی تحریک قوم کو تبدیلی کا درست راستہ دکھا رہی ہے، فیض الرحمن درانی
لاہور (پ ر) بدترین معاشی اور انتظامی بحران میں گھرے پاکستان کو کرپشن کی دیمک چاٹے جا رہی ہے جو چند مقتدر خاندانوں کی ہوس اقتدار کے باعث ہے۔ صاحبان اقتدار اور منتظرین اقتدار کی ترجیح پاکستان ہے نہ عوام، اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے افراد کے مفادات کے دو پاٹوں کے درمیان عوام گندم کے دانوں کی طرح پس رہے ہیں۔ تبدیلی باتوں سے نہیں بلکہ موجودہ انتخابی نظام کے خلاف موثر جدوجہد سے آئے گی۔ موجودہ ظالمانہ نظام اقتدار میوزیکل چیئرز کے گرد گھومنے والے چند خاندانوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔ عوام اپنے اصل دشمن کو پہچانیں جو موجودہ انتخابی نظام کی صورت میں ان کے حقوق پر مسلسل ڈاکے مارے جا رہا ہے اور وہ بے بسی کی موت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمان درانی نے لاہور کے صدر افضل گجر کی قیادت میں آئے تاجروں کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بدترین بحران نے تاجروں کا کاروبار تباہ کرنے کے ساتھ غریب کے چولہے کو بھی ٹھنڈا کر دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک قوم کو تبدیلی کا درست راستہ دکھا رہی ہے جس پر چل کر حقیقی جمہوریت اور خوشحالی کی منزل تک پہنچا جا سکتا ہے۔