لاہورچیمبرترکی میں ہونے والے عالمی بزنس فورم میں شرکت کرےگا

لاہورچیمبرترکی میں ہونے والے عالمی بزنس فورم میں شرکت کرےگا

  

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ترکی کے شہر استنبول میں14ویں موسید (Musiad)انٹرنیشنل فیئر اور 16ویں انٹرنیشنل بزنس فورم کانگرس میں شرکت کرے گا جو 11سے 14اکتوبر تک ترکی کے وزیراعظم طیب اردگان کی سربراہی میں منعقد ہورہے ہیں۔ یہ فیصلہ موسید کے تین رکنی وفد اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان قیصرشیخ، سینئر نائب صدر کاشف یونس مہر اور نائب صدر سعیدہ نذر کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر میاں مظفر علی، سابق سینئر نائب صدر طاہر جاوید ملک، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین حسنین رضا مرزا، خامس سعید بٹ، شیخ محمد ایوب، خواجہ خاور رشید اور نبیلہ انتصار نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ترکی کے وفد میں موسید چیئرمین آف فارن ریلیشنز کمیشن شوکت جان سلیمان، کوآرڈینیٹر فارن ریلیشنز عبدالقادر سکاکیوزاور ترک سفارتخانے میں کمرشل قونصلر سزمی بیسوگل شامل تھے۔ شوکت جان سلیمان نے کہا کہ اس سال 14ویں موسید انٹرنیشنل فیئر کا عنوان دنیا کے ساتھ اپنا کاروبار مستحکم کریں، رکھا گیا ہے۔ فیئر کانگریس ایک عالمی میٹنگ پوائنٹ ہوگا جس میں 84ممالک کے پانچ ہزار سے زائد کاروباری افراد ، وزرائ، چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کے صدور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیئر اور فورم کے انعقاد کا مقصد سارک ممالک کے باہمی تعلقات مستحکم کرنا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان قیصر شیخ نے اپنے خطاب کے دوران لاہور چیمبر کے وفد کا ترکی میں شاندار استقبال کرنے پر MUSIADکی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں ملاقات کے دوران لاہور چیمبر اور MUSIADنے دو طرفہ تجارت کو دو ارب ڈالر تک پہنچانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیٹروکیمیکلز، لائیوسٹاک، ڈیری، کنزیومر گڈز، فوڈ پراسیسنگ، فارماسیوٹیکل، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں ترکی کے سرمایہ کاروں کے لیے وافر مواقع موجود ہیں۔

مزید :

کامرس -