الیکشن میں اصلیت سامنے آجائے گی: وزیر اعظم

الیکشن میں اصلیت سامنے آجائے گی: وزیر اعظم
الیکشن میں اصلیت سامنے آجائے گی: وزیر اعظم

  

اٹھ مقام(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہم عام انتخابات کی جانب بڑھ رہے ہیں اور کسی کو انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انعقاد کے بارے میں شک وشبہ نہیں ہونا چائیے کیونکہ ہم عوام کے فیصلے پر یقین رکھتے ہیں اور ان کے فیصلے کو تسلیم کریں گے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض افراد چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے بارے میں باتیں کر رہے تھے اور ان خدشات کا اظہار کر رہے تھے کہ انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے کیلئے دھاندلی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ حزب اختلاف کے ساتھ اتفاق رائے سے حل کر لیا گیا ہے اور ایک غیرجانبدار شخصیت کو اس عہدے کے لئے چنا گیا ہے۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ اقتدار میں آنے کا ایک ہی راستہ ہے اور وہ ووٹ کی طاقت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتیں شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے لئے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کشمیریوں کو یقین دلایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں ، ہماری یہ بھرپور کوشش ہے کہ افغان مسئلہ افغان عوام کی خواہش کے مطابق حل ہو اور ہم اس سلسلے میں ان کی مدد کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ مقبولیت کا دعویٰ کرنے والوں کی اصلیت الیکشن میں سامنے آ جائے گی۔

مزید :

مظفرآباد -