قانون کی حکمرانی ۔ ۔ ۔سردار ثناءاللہ زہری کے محافظوں سے تلخ کلامی پر ایس پی کوئٹہ سمیع اللہ معطل
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر سردارثناءاللہ زہری کے محافظوں کو بلوچستان اسمبلی کے گیٹ پر روکے جانے پر ایس پی سٹی سمیع اللہ کو معطل کردیاگیاہے ۔مقامی میڈیا کے مطابق سردار ثناءاللہ زہری سینٹ کا ووٹ کاسٹ کرنے اسمبلی پہنچے تو پولیس نے محافظوں کی گاڑیوں کو اسمبلی گیٹ میں داخلے سے روکدیا جس پر محافظوں اور پولیس میں تلخ کلامی ہوئی تاہم سردارثناءاللہ زہری کو وزیراعلیٰ بلوچستان اپنے ساتھ اسمبلی کے اندر لے گئے ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان نے پولیس اہلکاروں کی جانب سے رویئے پر ایس پی سٹی سمیع اللہ کو معطل کردیاجس پر اسمبلی کے باہر اور اندر تعینات اہلکار ایک جگہ پر اسمبلی کے اندر اکھٹے ہوگئے اور احتجاج کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ثناءاللہ زہری سے نامناسب رویہ پر ایس پی سٹی کو معطل کردیا۔