ایدھی کی یاد میں 50 روپے کا سکہ جاری کیا جائیگا :گورنر سٹیٹ بنک
کراچی (ویب ڈیسک) بینک دولت پاکستان کے گورنر اشرف محمود تھرانے نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک عبدالستار ایدھی کی یاد میں 50 روپے کا سکہ جار ی کرے گا جو پاکستانی قوم کی جانب سے اپنے محسن کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی ایک چھوٹی سی کاوش ہے۔ وہ عبدالستار ایدھی مرحوم کے لیے دعائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایدھی رنگ ، نسل ،عقیدے کی تفریق سے بالا تر ہو کر ناداروں ، یتیموں ، بیواﺅں اور محروم طبقے کی خدمت کرتے تھے، گورنر سٹیٹ بینک نے کہا خدمت خلق معمولی کام نہیںہے، بہت سی شخصیات اور ادارے خدمتِ خلق کا کام کر رہے ہیں لیکن ایدھی صاحب اس لیے ممتاز مقام رکھتے ہیں کہ انہوں نے اپنی خدمات کا دائرہ پھیلانے اور نیٹ ورک چلانے کیلئے ہمیشہ عام افراد سے عطیات پر ہی انحصار کیا۔ ان کا یہ طرز عمل ”اپنی مدد آپ “ اور ایک دوسرے کے درد کو سمجھنے کے فلسفے کی عکاسی ہے ، ان کا کہنا تھا مجھے فخر ہے 1998 میں جناح سوسائٹی نے ایدھی صاحب کو ایوارڈ دیا تو اس تقریب میں جناح سوسائٹی کے ممبر کی حیثیت سے میں بھی شریک تھا، جناح سوسائٹی کے صدر لیاقت مرچنٹ نے کہا کہ ایدھی جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین آفتاب منظور نے ایدھی صاحب کو عظیم ترین انسان دوست قرار دیا، اس موقع پر عبدالستار ایدھی کے صاجزادے فیصل ایدھی نے 100 بڑی ایمبولینسز کیلئے عوام سے ایک روپیہ فی کس دینے کی اپیل کی، انہوں نے بتایا اس سلسلہ میں مہم کا آغاز مزار قائداعظم سے کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپنے اعضاءعطیہ کرنے کیلئے ایس آئی یو ٹی کی سکیم میں شامل ہونے کی درخواست کی ، یہ سکیم جلد شروع ہونیوالی ہے۔