اپوزیشن اسمبلیوں سے مستعفی ہو جائے ،اس ملک میں’’ ٹرک نکلے ‘‘تو نثار اور شہباز بھی نواز شریف کے ساتھ نہیں ہوں گے: شیخ رشید
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیدنے اپوزیشن کو متحد ہو کر اسمبلیوں سے استعفے دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ یکم اگست سے 30 اکتوبر تک حکومت کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی ،انہوں نے چکسوری میں عمران خان کی تقریر کی حمائت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیب اردگان اور نواز شریف میں زمین آسمان کا فرق ہے‘پاکستان میں فوج آئی تو لوگ ٹینکوں کے آگے نہیں لیٹیں گے بلکہ مٹھائیاں لے کر نکلیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے یکم اگست سے 30اکتوبر تک حکومت کے خلاف بھرپور تحریک کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ تحریک کے دوران اپوزیشن کو اسمبلی سے مستعفی ہونے کی تجویز بھی دوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگی حکومت کی خواہش ہے کہ کوئی آئے اور انہیں گھر بھیج دے لیکن ہم کسی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کرتے جس سے جمہوریت کو خطرہ ہو،حکومتی حلقوں سے ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ جیسے جمہوریت کے خلاف سازش کی جا رہی ہے، اس ملک میں’’ ٹرک نکلے ‘‘تو چودھری نثار اور شہباز شریف بھی نواز شریف کے ساتھ نہیں ہوں گے۔