کامیڈی فلم ’’عشق پازیٹو ‘‘22جولائی کو عام نمائش کیلئے پیش کی جائے گی
لاہور(فلم رپورٹر) کو نئی پاکستانی رومانٹک کامیڈی فلم ’’عشق پازیٹو ‘‘22جولائی کو ملک بھر میں عام نمائش کیلئے پیش کی جائے گی ۔’’عشق پازیٹو‘‘کے نمایاں فنکاروں میں نور بخاری ‘ ولی حامد علی خان‘ معروف بھارتی اداکار سونو سود ‘ فاریہ بخاری،شیبا بٹ،افتخار ٹھاکر اور دردانہ بٹ شامل ہیں۔فلم کی ہدایت کاری نور بخاری کی ہے جب کہ تحریر سورج بابا اور پیش کش شازیہ محمود حسین اور کاشف لطیف کی ہے ۔ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی نے کہا ہے کہ’’ہم نیٹ ورک کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ نئے ٹیلنٹ کو سپورٹ کیا جائے اور ’’عشق پازیٹو‘‘کے انتخاب کا بھی یہی سبب ہے۔ پاکستان میں اس وقت بہت ہی کم فلمیں بن رہی ہیں اور اگر اس میں بھی ڈسٹری بیوٹرز صرف بہت اچھی فلموں کا انتخاب کرنے لگیں تو انڈسٹری آگے نہیں بڑھ سکے گی۔ نیا ٹیلنٹ تجربات سے سیکھ کر ہی آگے بڑھ سکتا ہے اور ہمیں ان کو سپورٹ کرنے کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔‘‘عشق پازیٹو میں8گانے شامل ہیں ۔