پی ٹی وی لاہور سینٹرمیں کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف یومِ مذمت

پی ٹی وی لاہور سینٹرمیں کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف یومِ مذمت

لاہور (فلم رپورٹر)پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹر میں پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین( سی بی اے) کے زیر اہتمام نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے مظالم اور بربریّت کے خلاف یومِ مذمت کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب میں چیئرمین پی ٹی وی عطاالحق قاسمی ،ایم ڈی ،پی ٹی وی سیّد عمران گردیزی ،جی ایم لاہور بشارت خان ،پروگرام منیجرچوہدری افتخار ورک اور یونین کے مرکزی صدرجہانگیر خان نے خصوصی شرکت کی ۔عطاالحق قاسمی نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیری پاکستان کے دفاع کی جنگ لڑ رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام دریا کشمیر سے ہی نکلتے ہیں اور متعصب بھارتی حکمران ایک ایک کر کے ہمارے تمام دریاوں سے پانی خشک کرنے کے پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔چئیرمین عطا الحق قاسمی نے بتایاکہ وزیر اعطم پاکستان ن محمد نواز شریف کشمیریوں پربھارتی مظالم پر بہت رنجیدہ ہیں اور کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کشمیریوں کی سیاسی،سماجی اور سفارتی مدد جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر سیّد عمران گردیزی نے کہا بائیس سالہ کشمیری نو جوان برہان وانی جس کا قصور صرف یہ تھا کہ اس نے سوشل میڈیا پر کشمیر کاز کو زندہ رکھا اسے گولیاں برسا کر شہید کر دیا گیا ۔مگر اس درندگی کے باوجود بھارتی فوج کشمیری عوام کے جزبہ حریت کو کچلنے میں بری طرح ناکام رہی ۔دنیا کو اس جزبے کا احساس اس وقت ہوا جب اس نوجوان کی نماز جنازہ میں دو لاکھ کشمیریوں نے رکاوٹوں کے باوجود شرکت کی،جن میں سے بہت سے کشمیریوں نے پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے ۔جنرل منیجر لاہور سینٹر بشارت خان نے کہا کہ کشمیر کی آزادی ایک اٹل حقیقیت ہے جسے بھارتی بربریت عارضی طور پر دبا تو سکتی ہے مگر اس حق سے محروم نہیں کر سکتی ۔پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین کے مرکزی صد رجہانگیر خان نے کہا ظلم اور درندگی سے بھارتی فوج کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتی ۔انہوں نے کہا کہ اگر بھارت ظلم اور جبر کی بجائے اقوامِ متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق کشمیر کے مسئلہ پر رضامند ہو جائے تو یہ پورا خطہ امن کا گہوارہ بن سکتا ہے۔جمیل قادری اورغلام شبیر خان کھرل نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔تقریب کے آغاز میں شہدائے کشمیر ،امجد صابری شہید،عبدالستار ایدھی اور سابق ایم ڈی پی ٹی وی آغا ناصر کی مغفرت اور ایصالِ ثواب کیلئے دعا بھی کروائی گئی ۔

مزید : کلچر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...