ملکی معیشت کے استحکام میں تاجر برادری کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے، خورشید برلاس
راولپنڈی(اے پی پی) پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے نائب صدر خورشید برلاس نے کہا ہے کہ پاکستان کی اقتصادیات اور معیشت کو مستحکم کرنے اور برآمدت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے دنیا بھر میں اقتصادی روابط بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے لئے تاجر برادری کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس کی تشکیل کا بنیادی مقصد پاکستان اورایران میں تجارتی تعاون میں اضافے اور دوطرف تجارتی حجم میں اضافہ ہے جس میں دونوں ملکوں کے تاجروں کو نمائندگی دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک ایران تجارتی روابط کے فروغ کے ضمن میں رکن قومی اسمبلی اور پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پیٹرن محمد اعجاز الحق کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی وفد رواں ماہ کے آخر میں ایران کا دورہ کرے گا۔ وفد میں پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے صدر ولی محمد، نائب صدر محمد خورشید برلاس ،شریں ارشد اور دیگر ممبران شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک ایران جوائنٹ چیمبر کے پلیٹ فارم سے استفادہ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں چیمبر کے رابطہ دفاتر قائم کئے جائیں گے اورپاک ایران تجارت کے فرو غ کے لئے تاجروں کی رہنمائی کی جائے گی۔