ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کا بارش کے بعد شہر بھر میں متعدد چوکنگ پوائنٹس کا دورہ

ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کا بارش کے بعد شہر بھر میں متعدد چوکنگ پوائنٹس کا دورہ

لاہور( خبر نگار)منیجنگ ڈائریکٹر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی(ایل ڈبلیوایم سی) بلال مصطفی سید نے گزشتہ رات اور علی الصبح ہونے والی بارش کے بعد شہر بھر میں متعدد چوکنگ پوائنٹس بالخصوص، سرکلر روڈ، ملتان روڈ، فیروز پور روڈ، گلبرگ، سمن آباد اور کینال روڈ کا تفصیلی دورہ کیا اورچوکنگ پوائنٹس پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ،صفائی انتظامات اور فیلڈ افسران اور سینٹری ورکرز کی حاضری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے چوکنگ پوائنٹس پر تعینات عملے کو بارش کے پانی کے درست و بروقت نکاس کے لیے ممکنہ طور پر موجود کچرا نکالنے کی ہدایت دی۔انہوں نے عملے و فیلڈ افسران کو دیگر ضلعی اداروں کے ساتھ باہمی تعاون سے کام کرنے کی تاکید کی تاکہ شہریوں کو کچرے اور پانی سے متعلق کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ترک کمپنیوں البیراک اور اوز پاک کو بارش کے بعد شہر سے علی الصبح اور بروقت کنٹینر خالی کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے مون سون کے سلسلے میں قائم کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔مزید براں جنرل منیجر آپریشنز آصف اقبال اور سینئر منیجر آپریشنزسہیل انور ملک بھی فیلڈ میں موجود رہے اور البیراک اور اوزپاک کے علاقوں میں جاری مون سون آپریشنز کی نگرانی کی۔ ترجمان ایل ڈبلیوایم سی جمیل خاور کے مطابق صفائی کی ہیلپ لائن 1139 اور مون سون کنٹرول روم کو الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ ممکنہ بارشوں کے دوران شہریوں کے مسائل کو فوری حل کیا جاسکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1