نااہل حکومت کیلئے ستمبر ستم گر ثابت ہو گا،صاحبزادہ حامد رضا
لاہور( نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نااہل حکومت کیلئے ستمبر ستم گر ثابت ہو گا۔ حکومت کی نااہلی کا جادو سر چڑ ھ کر بول رہا ہے۔ضرب عضب کا فاتح سپہ سالار قوم کے دلوں میں بستا ہے۔حکمرانوں کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قصاص دینا پڑے گا۔ ن لیگ آزاد کشمیر کا الیکشن جیتنے کیلئے غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔نواز شریف کو مظلوم کشمیریوں سے زیادہ مودی کی دوستی عزیز ہے۔ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے مجرم حکمران 63,62پر پورا نہیں اترتے۔شریف خاندان کے 20افراد شریک اقتدار ہیں ۔ یہ جمہوریت نہیں بادشاہت ہے۔بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی انتہا کرکے بھارت کا خون خوار چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔الیکشن کمیشن جلد مکمل اور فعال ہوناچاہیئے۔نااہل حکمرانوں کا بوریا بستر گول ہونیوالاہے۔مفاداتی اور موروثی سیاست ختم کئے بغیر حقیقی جمہوریت کا خواب پورا نہیں ہوسکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں کے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بھارت کی سرپرستی کرنے والے امریکہ کو جان لینا چاہیئے کہ ایشیاء میں طاقت کا توازن عالمی امن کی ضرورت ہے۔آزاد کشمیر کی عوام مودی کے یاروں کو ووٹ نہیں دے گی۔ پاکستان کی موجودہ حکومت کی کو ئی کشمیر پالیسی نہیں ہے۔پاکستان میں چوکیدار چور بن چکے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حکمران احتساب کا مؤثر اور جامع نظام نہیں بناسکے۔حقیقی احتساب ہوا تو حکمران خاندان جیلوں میں جائے گا۔ بھارت کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کررہا ہے۔بھارت تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکا۔آزادی کی جنگ لڑنے والے کشمیری تنہا نہیں بلکہ پورا پاکستان کشمیریوں کی پشت پر کھڑا ہے۔چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ بھارت پاکستان میں مداخلت کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کررہا ہے۔افغان حکمران بھارت کے پٹھو بن چکے ہیں۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کامیابی کے قریب ہے۔بھارت کو آموں کی پیٹیاں اور ساڑھیاں بھیجنے والے حکمران کشمیری شہداء کے خون سے غداری کے مرتکب ہورہے ہیں۔