حامد سعید کاظمی کی غیر منصفانہ سزا ختم کرکے انہیں رہا کیا جائے،ریاض حسین شاہ

حامد سعید کاظمی کی غیر منصفانہ سزا ختم کرکے انہیں رہا کیا جائے،ریاض حسین شاہ

لاہور( نمائندہ خصوصی)علامہ سید احمد سعید کاظمی کے سالانہ عرس میں شریک ہزاروں علماء ومشائخ نے ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی کو سنائی گئی غیر منصفانہ سزا ختم کرکے انہیں رہا کیا جائے۔عرس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ حامد سعید کاظمی کو سنائی گئی سزا ناانصافی کی بد ترین مثال ہے۔صاحبزادہ حامد سعید کاظمی جرم بے گناہی کی سزا بھگت رہے ہیں۔ علامہ سید احمد سعید کاظمی عظیم علمی و روحانی شخصیت اور سفیر عشق رسول تھے۔عرس کی صدارت جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی نے کی۔ جبکہ مقررین میں صاحبزادہ سید ارشد سعید کاظمی ، علامہ فاروق خان سعیدی، مولانا قاری فیض بخش رضوی ، علامہ سید محفوظ الحق شاہ و دیگر شامل تھے۔علامہ سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ علامہ احمد سعید کاظمی زندگی بھر دین نبی کی بالادستی کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔علامہ کاظمی کے افکار و کردار کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے۔صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عظیم محدث اور صاحب بصیرت عالم دین تھے۔ان کے ہزاروں شاگرد دنیا بھر میں تبلیغ اسلام میں مصروف ہیں۔ دینی علوم و فنون کی تدریس کیلئے علامہ احمد سعید کاظمی کی شاندار خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ علامہ سید محفوظ الحق شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ کاظمی نے لاکھوں بندگان خدا کے دلوں میں عشق رسول کے چراغ روشن کئے ۔ رہ زندگی کی آخری سانس تک بد عقیدگی اور لادینیت کے خلاف جدوجہد کرتے رہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1