مسلم امہ کو متحد ہو کر اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا ہو گا، طاہر اشرفی

مسلم امہ کو متحد ہو کر اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا ہو گا، طاہر اشرفی

لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان علماء کونسل کے چےئرمین حافظ طاہر محموداشرفی نے کہاکہ ترکی کی عوام نے غیر ملکی اور ترک دشمن سازش کو ناکام بنا دیا،مسلم امہ کو متحد ہو کر اسلام اور مسلم دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا ہو گا، سعودی عرب ، ترکی اور پاکستان میں بحران پیدا کرنے والوں کی پشت پناہی کرنے والوں کی حقیقت عالم اسلام کو معلوم ہو چکی ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اسلام آباد میں مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا حفیظ الرحمن ، مولانا طاہر عقیل ، مولانا ایوب صفدر ، مولانا شبیر احمد عثمانی ، مولانا عبد الحمید وٹو نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مسلم امۃ کا اتحاد ہی عالم اسلام کے مسائل کا حل ہے۔ داعش جیسی تنظیموں کو پیدا کر کے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا تعلق اسلام سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ اسلام امن ، سلامتی، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم نے مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ مسلمانوں کے تعلقات کا ضابطہ طے کر دیا ہے لہذا اسی ضابطہ کے تحت بین المذاہب مکالمہ ممکن ہو سکتا ہے ۔

طاہر محمود اشرفی

مزید : صفحہ آخر