ترکی میں عالمی سازش کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا ،طاہر القادری

ترکی میں عالمی سازش کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا ،طاہر القادری

لاہور (نمائندہ خصوصی) عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ تحریک احتساب چلنے والی ہے ،بڑی گردنیں بڑے پھندوں میں نظر آئیں گی۔ترکی میں عالمی سازش کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا ۔ترک عوام اور حکومت ملکی استحکام قائم رکھنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون انکے گلے پڑے گا ۔14 بے گناہوں کے قتل عام پر آج تک کسی ایک بڑے افسر کو نہیں پکڑا گیا ،حکمرانوں کو علم ہے کہ وہ جس بڑے کو بھی ہاتھ لگائیں گے وہ وعدہ معاف گواہ بن جائیگا۔کلین چٹیں دینے اور لینے والے حساب کتاب کیلئے تیار رہیں،سرکاری محکموں کی چٹیں انکے کسی کام نہیں آئینگی ۔وہ گذشتہ روز برمنگھم میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے ۔سربراہ عوامی تحریک سے برمنگھم میں UKکی پارلیمنٹ کے ممبر خالد محمود اور مرکزی جماعت اہلسنت کے نو منتخب قائدین نے علامہ پیر سید زاہد حسین شاہ کی قیادت میں ملاقات کی ۔سربراہ عوامی تحریک سے منہاج القرآن برطانیہ کے صدر سید علی عباس بخاری نے بھی دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ملاقات کی ۔سربراہ عوامی تحریک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان سے کوئی ملاقات طے تھی اور نہ کوئی رابطہ ہے ۔31 جولائی کو پاکستان میں تمام اپوزیشن قائدین کے ساتھ سانحہ ماڈل ٹاؤن ، حکمرانوں کے احتساب اور آئندہ کے متفقہ لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیل سے قومی امور پر مشاورت ہو گی ، انہوں نے کہاکہ 19 جولائی کو ٹی او آرز کمیٹی کے اجلاس میں عوامی تحریک کا 3رکنی وفد شریک ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس کے انکشافات کے بعد نواز حکومت کی اخلاقی اتھارٹی ختم ہو گئی ۔

مزید : صفحہ آخر