اینٹی ڈوپنگ کیس،ر آندرے رسل کی سماعت آئندہ ہفتے ہو گی
جمیکا (این این آئی)مایہ ناز ویسٹ انڈین آل راؤنڈر آندرے رسل اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 20 جولائی کو آزادانہ اینٹی ڈوپنگ ڈسپلنری پینل کے سامنے پیش ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق رواں برس مارچ میں جمیکا اینٹی ڈوپنگ کمیشن نے رسل کو اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا تھا، انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک سال کے دوران تین بار رسل کو ڈوپ ٹیسٹ کیلئے طلب کیا تاہم وہ حاضر نہ ہوئے، ڈوپ ٹیسٹ میں پیش نہ ہونا بھی ڈوپنگ میں ناکامی کے مترادف ہے۔ رسل کے وکیل پیٹرک فوسٹر نے بتایا کہ سماعت 20 جولائی کو ہو گی جس میں ابتدائی معاملات پر تبادلہ خیال ہو گا جبکہ ثبوت اکتوبر میں تاریخ میں دیئے جائیں گے۔ رسل کا شمار ویسٹ انڈین ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، انہوں نے رواں سال بھارت میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں بھی ٹیم کو عالمی چمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔