جوئل گارنر کو ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا نیا منیجر مقرر کردیا گیا

جوئل گارنر کو ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا نیا منیجر مقرر کردیا گیا

کنگسٹن (اے پی پی) سابق ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر جوئل گارنر اگلے تین برسوں کیلئے ویسٹ انڈیز ٹیم کے نئے مینجر مقرر ہو گئے اور وہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 21 جولائی سے ہو گا۔ 63 سالہ گارنر اس سے قبل بھی 2009ء سے 2010ء کے دوران عبوری ٹیم مینجر کے طور پر کالی آندھی کے ساتھ کام کر چکے ہیں جس میں ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ گارنر ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے ساتھ بطور ڈائریکٹر، بارباڈوس کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ بطور صدر اور ویسٹ انڈین اے ٹیم کے ساتھ بطور مینجر خدمات انجام دے چکے ہیں۔گارنر نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی ٹیم کا مینجر مقرر ہونا باعث فخر ہے، اس کے ساتھ کام کر کے مجھے خوشی ہو گی اور میں اپنے تجربے اور معلومات کو کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کروں گا۔ گارنر کو 1977ء سے 1987ء کے دوران 58 ٹیسٹ اور 98 ون ڈے میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی