ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ اور بھارت کے درمیان تین روزہ میچ ڈرا
سینٹ کٹس(اے پی پی) ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ پریذیڈنٹ الیون اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین روزہ ٹور میچ ڈرا ہو گیا۔ سینٹ کٹس میں کھیلے گئے تین روزہ ٹور میچ کے تیسرے اور آخری روز ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ پریذیڈنٹ الیون کی ٹیم نے 26 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 158 رنز درکار تھے، بھارتی باؤلرز سرتوڑ کوشش کے باوجود ویسٹ انڈین ٹیم کو آؤٹ نہ کر سکے۔ ویسٹ انڈیز نے آخری روز جب کھیل ختم ہوا تو اس نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 223 رنز بنائے تھے، دن ختم ہونے کی وجہ سے میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہو گیا۔ جرمائن بلیکووڈ 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، ایشون نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم پہلی اننگز میں 180 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی اور بھارت نے 364 رنز بنا کر 184 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔