ٹوئٹر انتظامیہ نے بھارتی دباؤ پر حافظ سعید کا اکاؤنٹ بلاک کردیا
ملتان(آئی این پی)کشمیریوں کیلئے آوازاٹھانے پرٹوئیٹر انتظامیہ نے بھارتی دباؤ پرحافظ محمدسعید کا ٹوئیٹر اکاونٹ بلاک کردیا ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے بھی کشمیری حریت پسند برہان وانی کی ڈی پی لگانے والے ہزاروں فیس بک اکاونٹس اور پیجزبلاک کردئیے۔سوشل میڈیا صارفین نے فیس بک اور ٹوئیٹر کے اس متعصبانہ اقدام پر شدید احتجاج کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی دباؤ کے سامنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بھی نہیں ٹھہر سکیں۔کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف آواز اٹھانے پرٹوئیٹر انتظامیہ نے جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کا ٹوئیٹر اکاونٹ گزشتہ روز بلاک کردیا۔ذرائع کے مطابق ٹوئیٹر انتظامیہ نے بھارتی حکومت کے دباؤ پرحافظ محمد سعیدکا ٹوئیٹر اکاونٹ بلاک کیا۔جماعۃ الدعوۃ کے ترجمان احمدندیم نے آئی این پی کو بتایا کہ حافظ محمد سعید ٹوئیٹرپرکافی عرصہ سے فعال تھے۔کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف آواز اٹھانے پرمتعصب بھارتی حکومت کی درخواست پرٹوئیٹر انتظامیہ نے ان کا آفیشل اکاونٹ اطلاع دئیے بغیر بلاک کردیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ آزادی اظہار رائے سے کھلا مذاق ہے ،ہم ٹوئیٹر انتظامیہ سے شدید احتجاج کرتے ہیں۔دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے بھی شہید کشمیری حریت پسند برہان وانی کی ڈی پی لگانے والے ہزاروں فیس بک اکاونٹس اور پیجز بلاک کردئیے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا ۔بھارتی دباؤ پر کیے گئے فیس بک کے اس متعصبانہ اقدام پرگزشتہ روز ٹوئیٹر پر #FacebookvsBurhanWaniکا ٹرینڈٹاپ پررہا۔سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اگر مظلوم کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کرنا جرم ہے تو وہ یہ جرم کرتے رہیں گے۔دریں اثناء سوشل میڈیا سے منسلک ماہرین کا کہنا ہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کا ساؤتھ ایشیاء ریجنل ہیڈ کوارٹر بھارت کے شہرحیدرآباد دکن میں ہے ۔بھارتی شہریوں کی ایک بڑی تعداد آئی ٹی انڈسٹری سے منسلک ہے۔یہی وجہ ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھارتی اثرورسوخ بہت نمایاں ہے۔فیس بک،ٹوئیٹر اور دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کی طرف سے کئے گئے حالیہ اقدامات بھارتی دباؤ کا نتیجہ ہیں۔