صوبائی دارالحکومت ،بارش کے باعث چھتیں گرنے سے 5افرادجاں بحق ،7شدید زخمی
لاہور(وقائع نگار)صوبائی دارالحکومت میں بارش کے بعد چھتیں گرنے کے3 مختلف واقعات میں 3کم سن بھائیوں سمیت 5افراد جاں بحق جبکہ 7افراد شدید زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق تیز بارش کے باعث ساندہ کے علاقے شبلی ٹاون میں ایک گھر کی دیوار گر گئی۔ جس کے ملبے تلے دب کر تین بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔جاں بحق ہونیوالوں میں 5 سالہ علی، 10 سالہ حیدر اور 8 سالہ احسن شامل ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق صبح کے وقت بچے مدرسے سے پڑھ کر واپس آرہے تھے کہ اچانک دیوار گر گئی ، دیوار گرنے سے زخمی ہونے والے 6 سالہ آفاق کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسرے واقعہ میں مصطفی ٹاؤن کے علاقہ ملتان چونگی کے قریب میٹرو ٹرین منصوبہ کے لئے بنائے گئے ڈپو میں 30سالہ علی اور اس کا بھائی ارشد وغیرہ کام کرتے تھے ۔رات گئے کام سے فارغ ہو کر مزدور کھلے آسمان تلے سو رہے تھے کہ بارش ہونے پر وہ قریب موجود ایک کمرے میں جا کر سو گئے کمرے کی چھت لکڑی کے بالوں کی بنی ہوئی تھی جو کہ بارش کے باعث گر گئی اور اس کی زد میں آ کر علی اس کا بھائی ارشد ،ساتھی مزدور تیمور ،اقبال اور ندیم شدید زخمی ہو گئے ۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو ملبے تلے سے نکال کر قریبی ہسپتال میں منتقل کیا جہاں علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا جبکہ دو مزدورں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔تیسرے واقع میں اچھرہ کے علاقہ شمع میں گورمے بیکری کے قریب واقع مکان میں یوسف اپنی فیملی کے ساتھ رہتا تھا ۔بارش کے باعث اس کے گھر کی چھت گر گئی جس کی زد میں آ کر 35سالہ یوسف اور اس کی بیوی 30سالہ نائلہ شدید زخمی ہو گئے ۔ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کیا لیکن یوسف راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔پولیس نے تمام مرنے والوں کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا ہے۔