4اگست کو ہر سال یوم شہداء پولیس کے طور پر منانے کا فیصلہ

4اگست کو ہر سال یوم شہداء پولیس کے طور پر منانے کا فیصلہ

پشاور(پاکستان نیوز) یوم شہداء پولیس کے تقریبات کے مختلف انتظامی اُمور کے لیے مرکزی کمیٹی کا پہلااجلاس آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت فوکل پرسن برائے یوم شہداء پولیس ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرزمیاں محمد آصف نے کی جبکہ دیگر شرکاء میں ایڈیشنل آئی جی پی کمانڈنٹ ایلیٹ فورس طارق جاوید ایڈیشنل آئی جی پی سپیشل برانچ صلاح الدین محسود، ایڈیشنل آئی جی پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر اشتیاق مروت، ایڈیشنل آئی جی پی آپریشن ڈاکٹر محمد نعیم خان، چیف کیپٹل سٹی پولیس مبارک زیب خان، کمانڈنٹ ایف آر پی شہزاد اسلم صدیقی، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر مسعود سلیم، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد عالم شنواری، کمانڈنٹ پی ٹی سی ہنگو فصیح الدین، ڈی آئی جی کوہاٹ اول خان، ڈی آئی جی فنانس ڈاکٹر وقار الدین ، اے آئی جی اسٹبلشمنٹ نجیب الرحمن بگوی، ایس ایس پی کوارڈنیشن حشمت کمال، اے آئی جی لیگل فلک نوازخان، پبلک ریلیشن آفیسر برائے آئی جی پی ریاض احمد اور ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی نوید گل شامل تھے۔ اجلاس میں ذیلی کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اس سال یوم شہدائے پولیس کی تقریبات کا آغاز 27جولائی سے ہو جائے گا۔ پشاور سمیت تمام ریجنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ پشاور شہر اور تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز کے شہروں میں زیادہ سے زیادہ مقامات پر شہدا کیمپ لگائے جائیں گے۔ جہاں شہدا کی تصاویر کے پورٹریٹ آویزاں کئے جائیں گے۔ میزاور کرسی کا اہتمام کرکے تاثرات بُک رکھی جائے گی۔ شہداء کیمپ کا دورہ کرنے والی شخصیات اور عوام میں شہداء پولیس کے بارے میں بروشر زتقسیم کئے جائیں گے۔ جہاں دستیاب ہے وہاں پولیس بینڈ بھی شہدا کیمپ میں اپنی دھنیں بکھرے گا۔ علاقے کی نمایاں شخصیات اور تعلیمی/کاروباری/صنعتی اداروں اور این جی اوز کے وفود کو کیمپ کے دورے کی دعوت دی جائے گی۔ اور ان دوروں کے میڈیا کوریج کا اہتمام کیا جائے گا۔ تمام کیمپوں کی سیکیورٹی اور حفاظت کا معقول بندوبست کیا جائے گا۔ شہدا کے بارے میں دستیاب ڈاکومینٹری/ویڈیو/فلم /ترانے وغیرہ کا بھی کیمپ میں اہتمام کیا جائے گا۔ قومی اور مقامی اخبارات میں 4اگست کو خصوصی ایڈیشن شائع کروائے جائیں گے جن میں شہدا کے نام، تصاویر، واقعات اور اہم شخصیات کے پیغامات بھی دئیے جائیں گے۔ اسی طرح شہر کے اہم مقامات پر بل بورڈز اور بینرزآویزاں کئے جائیں گے۔ جن پر شہدا کے نام اور تصاویر درج ہوں گی۔ اس حوالے سے کاروباری اداروں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔ تقریری مقابلے 30جوالائی کے روز تمام پولیس ریکروٹ ٹرنینگ سکولوں اور پولیس کالج ہنگو میں منعقد کئے جائیں گے۔ تمام مقامات پر تقریری مقابلوں میں نمایاں پوزیشن لینے والے پولیس ملازمین کو انعامات دئیے جائیں گے جبکہ صوبے کی سطح پر سب سے بہترین مقرر کو 4اگست کو نشترہال پشاورمیں منعقد ہونے والی مرکزی تقریب میں مہمان خصوصی سپیشل انعام دیں گے۔ اس کے علاوہ یکم اگست کو ہر ضلع کی پولیس لائن میں بلڈ ڈونرز کیمپ لگائے جائیں گے جس میں سنےئر افسران سمیت ہر رینک کے کم از کم 100افسران خون کا عطیہ دیں گے۔ اس حوالے سے محکمہ صحت/مقامی ہسپتال /متعلقہ ادارے کے ساتھ خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ 3اگست کو نشترل ہال پشاور میں یوم شہدا پولیس کے حوالے سے ایک مشاعرہ بھی منعقد ہوگا جسمیں شعراء پولیس شہداء کو اپنے کلام میں خراج تحسین پیش کریں گے۔ 4اگست کی صبح شہدائے پولیس کی قبروں پر سلامی اور پھول چڑھانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ 4اگست کی صبح ہر ضلع کے پولیس لائن میں شہدائے پولیس کی یاد میں سپیشل پریڈ کا اہتمام کیا جائے گا جس میں تمام افسران شرکت کریں گے جبکہ آر پی او/ڈی پی او خود پریڈ کا ملاحظہ کریں گے۔ 4اگست کی شام نماز مغرب کے فوراً بعد ہر ضلع میں یوم شہدائے پولیس کی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا اس سلسلے کی مرکزی تقریب اے وی ٹی خیبر کے تعاون سے نشتر ہال میں ہو گی۔ اس تقریب میں زندگی کے مختلف شعبہ جات، کاروباری حضرات، تعلیمی اداروں، انجمن ہائے تاجران، چیمبر آف کامرس، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، این جی اوز ، ادیب شاعر و کالم نگار اور دیگر پیشہ ور تنظیموں اور اداروں کے علاوہ سرکاری افسران اور پولیس ملازمین کو شرکت کی دعوت دے کر ان کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ تقریب کے لئے مہمان خصوصی کا بہترین انتخاب کیا جائے گا۔ تقریب میں تقاریر کے علاوہ شہدائے پولیس کو مضموم خراج عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔ شہدا کی فیملی کو تحائف پیش کئے جائیں گے ۔ دوران ڈیوٹی بے پناہ بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرنے والے غازی پولیس افسران کی خدمات کا بھی اعتراف کیا جائے گا اور انکی طرف سے بھی شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لئے عشائیہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ یوم شہداء پولیس کے تمام انتظامات کے لئے ضلع کی سطح پر ذمہ دار پولیس افسران پر مشتمل انتظامی کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ انتظامی کمیٹی اپنے چیرمین کی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کر کے انتظامات کا جائزہ لیتی رہے گی۔ یوم شہدائے پولیس کی تمام تقریبات کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں کوریج کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔ یوم شہدائے پولیس کی تقریبات کے حوالے سے روزانہ کی سرگرمیوں پر مشتمل رپورٹ ہر روز سنٹرل پولیس آفس میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز کے دفتر میں قائم شہدا ڈسک کو بجھوائی جائے گی۔ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ایف آر پی، ایلیٹ پولیس، ٹرنینگ سٹاف اور ٹریفک پولیس سمیت ہر یونٹ کے افسران اور جوان اپنی اپنی مقامی تقریبات میں شریک ہونگے۔ یوم شہدائے پولیس درحقیقت پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے اور اشتراک عمل کو بڑھانے کا ایک سنہری موقع ہے جس سے بھر پور استفادہ وقت کی ضرورت ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...