امریکی سفیر کی تبادلہ پروگرام میں شریک171 پاکستانی طلبہ کو مبارکباد

امریکی سفیر کی تبادلہ پروگرام میں شریک171 پاکستانی طلبہ کو مبارکباد

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے گزشتہ روز پنجاب، خیبر پختونخوا اور شمالی پاکستان سے تعلق رکھنے والے ان66 طلبا میں اسناد تقسیم کیں جو حال ہی میں امریکہ میں ایک سالہ تعلیمی تبادلہ پروگرام میں شرکت کے بعد واپس لوٹے ہیں۔امریکی سفیر نے ان ثانوی اسکولوں کے 105طلبہ سے بھی ملاقات کی جو 2016 اور2017 کا تعلیمی سال امریکہ میں گزاریں گے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ انہیں بخوبی علم ہے کہ تعلیمی تبادلہ پروگرام کس طرح نئے خیالات تخلیق کرتے اور گھسے پٹے خیالات کا مقابلہ کرتے ہیں، ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں اور نئی دوستیاں قائم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستانی حکومت مل کر تعلیم کے شعبے میں اعانت کو بڑھانے، پاکستان کے موجودہ تعلیمی نظام میں بہتری اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔پاکستان بھر سے 171 طلبہ کو درخواستوں، انگریزی زبان کی استعداد کے امتحان اور انٹرویوز کی بنیاد پر کینیڈی- لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ سٹدی پروگرام (یس) میں شرکت کا موقع ملا ہے۔ یس پروگرام جس کیلئے مالی معاونت امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیئرز نے کی ہے 37 ممالک کے سیکنڈری سکول کے طلبہ کو امریکن ہائی اسکولوں میں تعلیم اور امریکی میزبان خاندانوں کیساتھ ایک سال وقت گزارنے کا موقع فراہم کرتاہے۔ اس پروگرام کے دوران شرکا تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ غیر نصابی سرگرمیوں، فلاحی سرگرمیوں اور نوجوانوں کی قائدانہ تربیت میں بھی شرکت کرتے ہیں۔ شرکا اس پروگرام میں اپنے ممالک کے ثقافتی سفیروں کا بھی کردار ادا کرتے ہیں جس سے امریکی طلبہ کو ان کے ممالک اور ثقافتوں کے بارے میں بہترمعلومات مہیا ہوتی ہیں۔ دی انٹر نیشنل ایجوکیشن اینڈ ریسورس نیٹ ورک (آئی ای اے آر این) پاکستان امریکی سفارتخانہ کے تعاون سے یس پروگرام کے شرکا کا انتخاب کرتی ہی۔ یس پروگرام امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے جامع تبادلہ پروگراموں میں سے ایک ہے۔ ہر سال پاکستانی تعلیمی اور پیشہ وارانہ پروگراموں میں شرکت کی لئے امریکہ جاتے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر