اسلامی تعلیمات پر عمل پیراہوکر امت مسلمہ اپنے مسائل حل کرسکتی ہے،علامہ عزیز الدین کوکب

اسلامی تعلیمات پر عمل پیراہوکر امت مسلمہ اپنے مسائل حل کرسکتی ہے،علامہ عزیز ...

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) معروف عالم دین علامہ عزیز الدین کوکب نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر امت مسلمہ اپنے سارے مسائل احسن طریقے سے حل کر سکتی ہے اور اس وقت امت مسلمہ کو جو چیلنج درپیش ہیں اس کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے چھوٹے موٹے تمام اختلافات ختم کر کے متحد ہوجائیں تاکہ اسلام دشمن قوتوں کا بھرپور مقابلہ کیا جا سکے جو عالم اسلام کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ وہ سنی رضوی جامعہ مسجد شیخ الحدیث رضا نگر بلکسر میں ماہانہ گیارہویں شریف کے بڑے اجتماع میں خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کی صدارت جامعہ اسلامیہ غوثیہ کے سربراہ پیر سید ریاض الحسن شاہ نے کی جبکہ اس موقع پر صاحبزادہ پیر محمد ندیم سلطان ( سلطان باہو) اور مولانا محمد شفیق بکھاری کلاں بھی موجود تھے۔ روحانی اجتماع میں ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے چیدہ چیدہ سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ پیر سید ریاض الحسن شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظام مصطفی کے عملی نفاذ سے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور تخریب کاری کی اسلام میں کوئی جگہ نہیں اور ان دہشتگردوں کیخلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہنا چاہیے۔ آخر میں پیر سید ریاض الحسن شاہ نے ملک میں امن ، بھائی چارے اور استحکام پاکستان کیلئے خصوصی دعا کروائی۔ آخر میں بھرپور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر