پیپلزپارٹی محاذ آرائی کی سیاست کو پروان چڑھارہی ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

پیپلزپارٹی محاذ آرائی کی سیاست کو پروان چڑھارہی ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سیکورٹی اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کرکے سندھ میں ایک مرتبہ پھر حالات خراب کرنا چاہتی ہے۔ ایک طرف وزیراعلیٰ خود اس کا اعتراف کرتے ہیں کہ رینجرز اور دیگر اداروں کی وجہ سے سندھ میں 80فیصد امن قائم ہوا ہے، دوسری جانب اپنی ہی جماعت کے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے رینجرز اور سیکورٹی اداروں کو روکا جارہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلزپارٹی کرپشن کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ لہٰذا اس حکومت کو فوری طورپر ہٹاکر پورے سندھ میں کرپٹ عناصر ، دہشت گردوں ، ٹارگٹ کلرز اور ملک دشمن عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان برسوں سے دہشت گردی اور بدعنوانی کی آگ میں جل رہا ہے ۔ اب جبکہ عوام کو یہ امید ہوچلی ہے کہ دفاعی ادارے ملک کے عوام کو کرپشن اور بدعنوانی سے نجات دلائیں گے تو ایسے میں پیپلزپارٹی کی حکومت کرپٹ اور کرمنل عناصر کی سرپرستی میں سینہ تان کرکھڑی ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت کا مطلب جمہور کے حقوق اور مسائل حل کرنا ہے نہ کہ ملکی وسائل کو لوٹنا اور کرپٹ عناصر کی سرپرستی کرنا ہے۔ پیپلزپارٹی اور کرپشن اب ایک ہی چیز کے دو نام بن چکے ہیں ۔ لہٰذا جس طرح دفاعی اداروں نے تمام تر تکالیف اور مشکلات برداشت کرتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کا صفایا کیا ہے اسی طرح پیپلزپارٹی کی چادر میں لپٹے کرپٹ عناصر کو بھی کیفردار تک پہنچایا جائے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...