بھارتی ظلم کے خلاف جماعت اسلامی خواتین کی قرارداد منظور

بھارتی ظلم کے خلاف جماعت اسلامی خواتین کی قرارداد منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع جنوبی کا اجتماع ارکان اسلامک سینتر گزری میں منعقد ہوا ، جس میں کشمیر میں بھارتی ظلم اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے قرارداد پیش کی گئی ۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عید الفطر کے بعد سے اب تک بھارتی ظلم و تشدد کی کاروائیوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور ان کارروائیوں کے نتیجے میں 40کشمیری شہید اور 2000ہزار سے زائد زخمی ہو گئے ہیں ، جن میں سینکڑوں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ۔ بھارتی فوجی گرفتار کشمیریوں کی آنکھوں میں سوئے مار کر انہیں انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے اور اس کے نتیجے میں 200سے زائد کشمیری بینائی سے محروم ہو چکے ہیں ۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کے نام نہاد عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ، اس ریاستی ظلم و جبر میں امریکہ بھارت کی سرپرستی کر رہا ہے ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ظلم کی یہ داستان ستر سال سے جاری ہے ، آزادی کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے ، کشمیریوں کی جدوجہد تکمیل کا حصہ ہے ، کشمیر پاکستان کی معاشی ، نظریاتی شہ رگ ہے ۔ قرارداد میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ پاکستانی حکومت اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرے ، بھارت پر دباؤ بڑھانے کے لیے عالمی فورمز پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر