دھرنے کی سیاست ماضی کی کتابوں میں دفن ہوجائے گی،بلال اعجاز شفیع

دھرنے کی سیاست ماضی کی کتابوں میں دفن ہوجائے گی،بلال اعجاز شفیع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور سابق امیدوار قومی اسمبلی میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا ہے کہ دھرنوں اور سیاسی دھماکوں کی سیاست بہت جلد ماضی کا حصہ بن جائے گی. جب تک ملک میں مرحوم اعجاز شفیع جیسے ساتھیوں کی جلائی ہوئی وفاداری کی شمعیں روشن ہیں کوئی دھرنا، کوئی سیاسی دھماکہ اور تحریک کامیاب نہیں ہو سکے گا. پاکستانی قوم جمہوری نظام اور منتخب حکومت کی حفاظت کے لئے ترک بھائیوں سے دو قدم آگے تک جانے کی صلاحیت رکھتی ہے . مشرف آمریت کے سامنے ڈٹ جانے والے مرحوم اعجاز شفیع جیسے رہنماؤں کی قیادت کے ساتھ وفاداری کی روشن کی ہوئی وفاداری کی شمعیں پاکستان کے جمہوری نظام اور منتخب وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی سب سے بڑی محافظ ہیں. میاں بلال اعجاز شفیع نے ملک میں سیاسی دھماکوں کی دھمکیاں دینے والوں کو متنبہ کیا کہ بار بار عوام کے ہاتھوں مسترد ہونے کے باوجود اقتدار کے بھوکے سیاست دانوں نے اپنی منفی سیاسی سوچ ترک نہ کی تو پاکستان کے بیس کروڑ عوام اپنے منتخب نظام اور قیادت کی حفاظت کے لئے ترک بھائیوں سے بڑھ کر بھی قدم اٹھا سکتے ہیں. پاکستانی قوم نے جمہوریت کے لئے جتنی قربانیاں دی ہیں اس کی مثال ممکن نہیں لیکن ترکی کے برادر عوام نے جمہوریت کے تحفظ کا نیا باب رقم کیا ہے جس کے لئے پاکستانی قوم اور حکومت ترک عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہے. امریکہ کے دورے پر گئے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما میاں بلال اعجاز شفیع نے پارٹی کے رہنماؤں حاجی فضل غفور، عبد الحمید بٹ، ماسٹر عبد الرزاق ،نور خان اخوندزادہ، آغا طاہر، خلیل بلوچ،ناصر نیازی، وحید جان، افضل بلوچ،نوید رزاق، ملک شیزان کے ساتھ گفتگو کرتے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ایشا کی قیادت کرنے کا کردار ادا کرے گا ۔ ملک کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور سرحدوں کی حفاظت ناقابل تسخیر بنانے والے میاں محمد نواز شریف کے خلاف بھی اقتدار کے پجاریوں کا ٹولہ سرگرم عمل ہے لیکن انہیں یاد رکھنا چاہئیے کہ ماضی کے دھرنوں، احتجاجوں اور مارچوں کی طرح پاکستان کے جمہوری نظام اور اداروں کو تہہ و بالا کرنے کی کوششیں کرنے والے آئندہ بھی ناکام رہیں گے.

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...