پیسے اور سفارش کا دور گزر چکا اب ہر کام میرٹ پر ہو رہے ہیں :محمود خان

پیسے اور سفارش کا دور گزر چکا اب ہر کام میرٹ پر ہو رہے ہیں :محمود خان

مٹہ(نمائندہ پاکستان)خیبر پختونخواہ کے وزیر کھیل‘ثقافت‘میوزیم اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کی تقدیر بدلنے اور صوبے سے فرسودہ سیاست کا خاتمہ کرنے کے لئے کوشاں ہے اور اب کسی کو ایزی لوڈ کرنا بند ہو گیا ہے،نوکریاں نہیں بکتیں اور نہ ہی اپنوں کو نوازا جاتاہے۔تحریک انصاف نے خود غرضوں اور مفاد پرستوں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے۔لوگوں کے کام پیسوں اور سفارشوں کے بل بوتے نہیں بلکہ شفاف نظام اور میرٹ کی پالیسی کے تحت ہورہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کو نسل چپریال مٹہ سوات کے مختلف مضافات بالاسور اور دندنئی میں مختلف شمولیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی‘پاکستان مسلم لیگ‘پی پی پی‘قومی وطن پارٹی‘جماعت اسلامی اور جے یوآئی کے ممتاز شخصیات و اہم رہنماؤں محمد زرین‘داد میاں‘محمد ارشاد‘اکبر علی‘میاں سید مثال‘سید قمر‘میاں رحیم ذادہ‘میاں سید احمد‘رحمت اللہ‘زربخت‘محمدا جان‘قوی خان‘حاجی سید رحمان‘معراج خان‘رسول خان‘شیر ذادہ اوربہرام خان نے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ اپنے سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور صوبائی وزیر محمود خان کے قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ ان شخصیات کے شمولیتوں سے سیاسی پارٹیوں کو زبردست دھچکا لگااور پی ٹی آئی حلقہ پی کے84مٹہ سوات میں ایک مضبوط گڑھ بن چکا ہے۔صوبائی وزیر محمود خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیا ر کرنے والوں کو اپنی اور پارٹی کی طرف سے خوش آمدید کہتے ہوئے مبارکباد دی ۔انہوں نے کہا کہ ان شمولیتوں سے پی ٹی آئی کو مذید تقویت ملے گی اور عوامی مسائل تندہی سے حل ہونے میں بھی مدد ملے گی۔صوبائی وزیر نے مذید کہا کہ تحریک انصاف عوامی تحریک بن چکی ہے جو صوبائی حکومت کے مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا منشو ر معاشرے سے ظلم ونا انصافیوں کا خاتمہ اور عوام کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی ہے اور غریب عوام کابلا امتیاز خدمت کرنا ہے۔حکومی وسائل عوام کی فلاح وبہبود کیلئے استعمال میں لانا ہماری اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلند وبالا عمارتیں یا سڑکوں کی تعمیر سے ملک وقوم کی ترقی ممکن نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اس کابنیادی حق اور انصاف فراہم کرنے سے ہی معاشرہ یا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر