ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ، موسم خوشگوار ہوگیا
لاہور (ویب ڈیسک ) ملک میں ساون کرشمہ جاری ، اسلام آباد ، لاہور ، کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم حسین بنا دیا ۔ ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں سے ماحول خوشگوار ہوگیا ، برسات کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا ۔ ساون آیا ساتھ ہی موسم کو خوشگوار بنا دیا ۔
ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم تبدیل ہوگیا ۔ لاہور میں کہیں ہلکی بارش ہوئی تو کہیں تیز ، موسم خوشگوار ہونے پر شہری بھی خوشی سے جھوم اٹھے ۔ اسلام آباد میں بھی ابر رحمت برسا جس سے موسم سہانا ہوگیا ۔ کئی علاقوں میں تیز اور کئی میں بوندا باندی ہوئی ۔ شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ کراچی میں بھی ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں ۔ ہلکی بارش سے موسم حسین ہوگیا ، شہریوں نے گرمی کے خاتمے پر سکھ کا سانس لیا ۔ گوجرانوالہ ، قصور ، میاں چنوں سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی جس سے ٹھنڈک کا احساس ہونے لگا ۔