موٹر سائیکل کو ٹکر کیوں ماری؟ پولیس اہلکاروں نے نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، ایس ایس پی ایسٹ نے معطل کر دیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) عزیز بھٹی تھانے کے حدود میں پولیس اہلکاروں نے نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ ایس ایس پی ایسٹ نے مذکورہ اہلکاروں کو معطل کر کے محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دیدیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکاروں کی موٹر سائیکل سے موٹر سائیکل کی ٹکر پر اہلکار آپے سے باہر ہو گئے اور نوجوانوں کو سرعام تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں نے سرعام نوجوانوں کی تذلیل کی اور انہیں گریبان سے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ واقعے کی فوٹیج منظرعام پر آنے کے بعد ایس ایس پی ایسٹ نے مذکورہ اہلکاروں کو معطل کر کے محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دیدیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کے ساتھ ایسا رویہ قابل قبول نہیں ہے۔ پولیس اہلکار دوران ڈیوٹی شہریوں کے ساتھ مناسب رویہ اختیار کریں۔