سینٹ: خاد م اعظم عبدالستار ایدھی کو نوبل انعام دلانے کیلئے کمیٹی قائم، بھارتی مظالم کیخلاف قرارداد منظور

سینٹ: خاد م اعظم عبدالستار ایدھی کو نوبل انعام دلانے کیلئے کمیٹی قائم، ...
سینٹ: خاد م اعظم عبدالستار ایدھی کو نوبل انعام دلانے کیلئے کمیٹی قائم، بھارتی مظالم کیخلاف قرارداد منظور

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سینٹ میں خادم اعظم عبدالستار ایدھی کی انسانیت کیلئے خدمات کے پیش نظر نوبل انعام دلانے کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں اعتزاز احسن، راجہ ظفرالحق، فاروق نائیک، وسیم سجاد اور نیئربخاری شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹر محمد میاں سومرو بھی اس کمیٹی کا حصہ ہونگے۔ کمیٹی اس بارے میں اپنی سفارشات مکمل کرکے چیئرمین کو دے گی جو ان کو وزیراعظم کے پاس بھجوائیں گے۔ اجلاس میں چیئرمین سینٹ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ایدھی صاحب کی خدمات کے پیش نظر ان کو نوبل کا انعام بھی بہت چھوٹی بات ہے۔ ہم ان کو نوبل کے اعزاز کیلئے بھر پور کوششیں کریں گے۔ شیریں رحمان کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری طور پر اس کیلئے اپنی بھرپور کوشش کرے۔دوسری طرف سینٹ میں معصوم کشمیریوں کے قتل عام پر بھارت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں پر بہیمانہ ظلم کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ اس موقع پر ان کو پاکستان کی مدد کی ضرورت ہے۔ عالمی برادری معصوم کشمیریوں کی مدد کیلئے آگے بڑھے اور بھارت کو رائے شماری پر مجبور کیا جائے۔اقوام متحدہ اور او آئی سی مظالم کا نوٹس لے۔حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ اس مسئلے کو ہر فورم پر اٹھائے۔

مزید : قومی /اہم خبریں