سیشن کورٹ : 150پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن ججز نے قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے کیسز میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر 150اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری اور شوکاز نوٹس جاری کردئیے ہیں، عدالتوں میں اہلکاروں کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے کیسز میں پولیس اہلکارگواہ ہیں جو پیش نہیں ہو رہے جس کی وجہ سے مقدمات زیر التوا ہیں۔ ایڈیشنل سیشن ججز کی طرف سے پولیس افسران کو لکھا گیا تھا کہ مقدمات میں گواہ پولیس اہلکاروں کو عدالت میں پیش ہونے کا پابند کیا جائے لیکن عدالت کے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔عدالتوں نے ایک سو پچاس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری اور شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔ عدالتوں نے سی سی پی او کو مراسلہ ارسال کیا ہے کہ اہلکاروں کو عدالت میں پیش ہونے کا پابند کریں۔