پاکستانی عوام ترکی کے لوگوں سے زیادہ جمہوریت پسند ہے :عمران خان

پاکستانی عوام ترکی کے لوگوں سے زیادہ جمہوریت پسند ہے :عمران خان
 پاکستانی عوام ترکی کے لوگوں سے زیادہ جمہوریت پسند ہے :عمران خان

  

مظفر نگر (مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام ترکی کے لوگوں سے زیادہ جمہوریت پسند ہے لیکن کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے سڑکوں پر نہیں آتی ، جب پرویز مشرف نے مارشل لا لگا یا تو لوگوں نے مٹھائیاں بانٹی اور جشن منا یا ۔

آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاک جب پرویز مشرف نے نواز شریف کی حکومت گرائی اور اقتدار میں آکر بیٹھا تولوگ سڑکوں پر نہیں نکلے بلکہ مٹھائیاں بانٹ کر جشن منا یا ۔دوسری جانب ترکی میں فوج کے ایک چھوٹے سے طبقے نے بغاوت کی تو لوگ سڑکوں پر آگئے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ زیادہ جمہوریت پسند ہیں لیکن 1999میں لوگ مارشل لا کے خلاف گھروں سے باہر نہیں نکلے کیونکہ نواز شریف اپنی فیکٹریاں اور ذاتی جائیداد بنانے میں مصروف تھا ۔

عمران خان نے ایک بار پھر کہا کہ جمہوریت کو نواز شریف کی بادشاہت سے خطرہ ہے کیونکہ وہ نہ تو قانون کے نیچے آتے ہیں اور نہ ہی اپنا احتساب ہونے دیتے ہیں ،دوسری طرف برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کا نام جب پاناما لیکس میں آیا تو اس نے فوری طور پر پارلیمنٹ میں پیش ہو کر صفائی پیش کی ۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف لوگوں کے ضمیر خریدتے ہیں لیکن اب نوجوانوں کے ضمیر نہیں خرید سکتے اور اب نوجوان احتساب چاہتے ہیں ۔اب پاکستانی نوجوان بھی ترکی کی طرح جمہوریت کو نواز شریف کی آمریت سے بچائیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مظالم ڈھا رکھے ہیں لیکن نواز شریف بھارت کے خلاف آواز بلند نہیں کرتا کیو نکہ ان کے کاروبار بھارت میں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف تو مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کریں گے لیکن تحریک انصاف ہر فورم پر کشمیریوں کے مسئلے کو اجاگر کرے گی ۔

مزید : قومی /اہم خبریں