”الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے“بھارت کی روایتی ڈھٹائی ، کشمیر کے خراب حالات کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیدیا

”الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے“بھارت کی روایتی ڈھٹائی ، کشمیر کے خراب حالات کا ...
”الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے“بھارت کی روایتی ڈھٹائی ، کشمیر کے خراب حالات کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیدیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے حالیہ واقعات کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیدیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایوان بالا (راجیہ سبھا) میں وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے روایتی ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے کردار کو ”غیر ذمہ دارانہ“ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کشمیر میں مسلمانوں کا محافظ ہونے کا دعوی نہیں کرنا چاہئے کیوں کہ کشمیری ہمارے اپنے ہیں اور انہیں گمراہ کیا جارہا ہے۔ قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 45 نہتے کشمیریوں کی شہادت کے بعد راج ناتھ سنگھ نے دعویٰ کیا کہ وادی میں بھارتی فوجیوں کو ”زیادہ سے زیادہ تحمل“ کا مظاہرہ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور ان سے کہا گیا ہے کہ تشدد روکنے کے لئے وہ صرف ”غیرمہلک ہتھیاروں“ کا ہی استعمال کریں۔واضح رہے کہ وادی میں نوجوان حریت پسند رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد سے 11دن سے مسلسل کرفیو لگا ہوا ہے اس دوران بھارتی فوج کی بربریت سے 45 نہتے کشمیر شہید اور ڈھائی ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں جس میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے جب کہ آنسو گیس کے بے دریغ استعمال سے اکثر متاثرین کی بینائی بھی شدید طور پرمتاثرہوئی۔ کشمیریوں کی آوازکو دبانے کے لئے اخبارات کی تقسیم پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔