کولمبو ٹیسٹ، سری لنکا کو جیت کیلئے 218 رنز ، زمبابوے کو 7 وکٹیں درکار

کولمبو ٹیسٹ، سری لنکا کو جیت کیلئے 218 رنز ، زمبابوے کو 7 وکٹیں درکار

کولمبو(اے پی پی) سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کولمبو ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکا کو جیت کیلئے 218 رنز اور زمبابوے کو 7 وکٹیں درکار ہیں۔ آئی لینڈرز نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر 388 رنز کے تعاقب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنا لئے۔ کوسال مینڈس 60 اور اینجلو میتھیوز 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ گریم کریمر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو ٹیسٹ کے چوتھے روز زمبابوے کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 377 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سکندر رضا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 127 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں میلکوم والر 68 ، گریم کریمر 48 اور پیٹر مور 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ رنگنا ہیراتھ نے تباہ کن باؤلنگ کی اور 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دلروان پریرا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں 10 رنز کی برتری حاصل کرنے کی وجہ سے زمبابوے نے سری لنکا کو جیت کیلئے 388 رنز کا ہدف دیا۔ سری لنکا نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنا لئے۔

دیمتھ کرونارتنے 49 ، اپل تھرنگا 27 اور کپتان دنیش چندیمل 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کوسال مینڈس 60 اور اینجلو میتھیوز 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ گریم کریمر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی