مظہرراہی کے ملی نغمے’’سب سے پہلے پاکستان‘‘ کی ریکارڈنگ
لاہور(فلم رپورٹر)بین الاقوامی شہرت یافتہ بھنگڑا سٹار مظہرراہی نے یوم آزادی کے خصوصی ملی نغمے’’سب سے پہلے پاکستان‘‘ کی ریکارڈنگ کا آغاز کردیا۔ اس ملی نغمے کی ریکارڈنگ گذشتہ روز مقامی سٹوڈیو میں شروع کردی گئی ہے اس کا میوزک ظہیر عباس ترتیب دے رہے ہیں جبکہ اس ملی نغمے کی شاعری ملک آصف شہزاد کی لکھی ہوئی ہے مظہرراہی نے بتایاکہ اس گانے کو یوم آزادی پر چینلز اور سوشل میڈیا پر ریلیز کیا جائے گا۔
مظہرراہی نے بتایا کہ اس کے ساتھ ساتھ وہ آئی ایس پی آر کے ایک نئے پراجیکٹ پر بھی کام کررہے ہیں جس کے میوزک کی تیاری شروع کردی گئی ہے اور انشا ء اللہ 6 ستمبر کو اس خصوصی گانے کو بھی ریلیز کردیا جائے گا اس سے قبل ان کا آئی ایس پی آر کا خصوصی گیت ’’میں فوجی پاکستان دا‘‘ نے بہت زیادہ مقبولیت حاصل کی تھی۔