سیاسی عدم استحکام کے باعث ملکی معیشت کو کھربوں ر وپے کا نقصان ہو چکا،راؤ خورشید علی
لاہور (کامرس رپورٹر ) لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم کے وائس چےئرمین راؤ خورشید علی نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث ملکی معیشت کو کھربوں ر وپے کا نقصان ہو چکا ہے ، پچھلے چند ہفتوں کے دوران ملکی سٹاک مارکیٹ کو اربوں کا نقصان ہوا،کرسی کی سیاست نے ملکی معیشت کو داؤ پر لگا رکھا ہے ،کرسی اور اقتدار کا کھیل جلد از جلد ختم کیا جائے اس سے قبل کہ فوج کو کوئی کردار ادا کرنا پڑے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہی ۔ راؤ خورشید علی نے کہا کہ اس وقت حکمران جماعت اپنا اقتدار بچانے میں لگی ہوئی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتیں حصول اقتدار کی لئے برسرپیکار ہیں جبکہ ملک کی معاشی و اقتصادی حالت مسلسل بگڑتی چلی جا رہی ہے ،معیشت کی پست حالی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ حالیہ اعدادوشمار کے مطابق ملکی برآمدات 25 ارب ڈالر سے گر کر 20 ارب ڈالر سے بھی نیچے چلی گئی ہیں
جبکہ درآمدات کا گراف 50 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے جبکہ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بھی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے بتائے گئے اعدادوشمار کو غلط قرار دیا ہے جس میں اسحاق ڈار نے ملکی معیشت بارے جو اعداد و شمار دےئے ہیں وہ حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور پاکستانی روپے کی بے قدری نے کاروباری افراد کو شدید مالی نقصان سے دوچار کیا ہے ۔جبکہ ناکام و ناقص حکومتی تجارتی پالیسی اور برآمدات سے متعلق اہم عہدوں پر سیاسی و سفارشی تقرریوں کے باعث اہم شعبوں میں ہماری برآمدات میں نمایاں گراوٹ ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لیدر ، ٹیکسٹائل ، چاول ، پھل، سبزیاں ، کھیلوں کا سامان ، خام چمڑا اور چمڑے کی مصنوعات ، سرجری کے آلات ، کیمیکلز اور ادویات ،انجینئرنگ آٹمز ، سیمنٹ سمیت دیگر کئی سیکٹرز میں مقامی صنعتوں کی برآمدات میں شدید کمی واقع ہوئی ہے جبکہ وزیر خزانہ اور وزارت کامرس کی جانب سے کروڑوں ڈالر مالیت کے برآمدی آرڈرز حاصل کرنے کے جھوٹے دعوے کئے جاتے رہے ہیں جو حقیقت کے بالکل برعکس نکلے ۔ انہوں نے کہاکہ خدارا ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر ملک و قوم اور ملکی معیشت کی بحالی کیلئے تمام جماعتوں کے سیاستدان ملکر کام کریں اور اقتدار کی ہوس کے غلام مت بنیں اس سے ملک و قوم کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے ۔