ایران اور عراق نے صنعتی زون کے قیام، صنعتوں کی توسیع و ترقی کے سمجھوتے پر دستخط کر دیئے
تہران (اے پی پی) ایران اور عراق نے صنعتی زون کے قیام اور صنعتوں کی توسیع و ترقی کے سمجھوتے پر دستخط کر دیئے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس سمجھوتے پر تہران میں ایران کے وزیر صنعت و معدنیات محمد رضا نعمت زادے اور ان کے عراقی ہم منصب محمد شیاع السودانی کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد دستخط کیے گئے۔ایران کے وزیر صنعت و معدنیات محمد رضا نعمت زادے نے کہا کہ اس سمجھوتے کے تحت ایران کے ماہرین، ایرانی ٹیکنالوجی کے ذریعے عراق میں صنعتی زون قائم کرنے کے علاوہ عراقی صنعتوں کی تعمیرنو کا کام بھی انجام دیں گے۔انہوں نے ایران اور عراق کے درمیان بینکاری تعلقات کے قیام کو دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین میں اضافے کے لیے ضروری قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران عراق کے بنیادی ڈھانچے کی اصلاح اور ترقی میں بھی تعاون کے لیے تیار ہے۔عراق کے وزیر صنعت و معدنیات محمد شیاع السودانی نے اس موقع پر کہا کہ ایران نے دونوں ملکوں کے سرحدی علاقوں میں پانچ صنعتی زون قائم کرنے کی پیشکش کی ہے جسے عراق نے قبول کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عراق اور ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا پختہ ارادہ رکھتا ہے۔