سو فیصدانرولمنٹ کا ہدف اساتذہ کے مسائل حل کئے بغیر ممکن نہیں، پنجاب ٹیچرز یونین

سو فیصدانرولمنٹ کا ہدف اساتذہ کے مسائل حل کئے بغیر ممکن نہیں، پنجاب ٹیچرز ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری محمد سرفراز، سید سجاد اکبر کاظمی، رانا لیاقت علی،جام صادق،رانا انوار،راناالطاف حسین، ساجد محمود چشتی، عبدالقیوم راہی ، امتیاز طاہر و دیگر نے کہا ہے کہ 100%انرولمنٹ کا ہدف غربت کے خاتمے اور اساتذہ کے مسائل حل کئے بغیر ممکن نہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے دن بدن غربت میں اضافہ ہور رہا ہے۔ غریب عوام اپنے بچوں کے پڑھانے کی بجائے محنت مزدوری پر لگانے پر مجبور ہو چکی ہے۔ ان حالات میں 100% انرولمنٹ کا ہدف پورا کرنا ممکن نہیں۔اور نہ ہی 95%طلباء حاضری کو پورا کرنا ممکن ہے۔ جبکہ اساتذہ سے کئے گئے وعدوں پر عمل درآمد میں تاخیر اور ابہام پیدا کرنا تعلیم دشمن رویہ ہے۔ گزشتہ 9سالوں سے غیر دانشمندانہ فیصلوں سے اساتذہ کا معاشی و معاشرتی استحصال کیا گیا ہے اور ہر پالیسی ناکامی سے دوچار ہوئی ہے۔ لہذا وزیر اعلی پنجاب ، وزیر تعلیم پنجاب اور سیکرٹری تعلیم پنجاب سے مطالبہ ہے کہ تعلیمی اہداف حاصل کرنے کے لئے اساتذہ کی مشاورت سے پالیسیاں مرتب کریں۔

اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا نوٹیفکیشن جلد از جلد جاری کیا جائے اور اساتذہ کا معاشی و معاشرتی استحصال بند جبکہ سرکاری سکولوں کو پیف کے ذریعے ٹھیکے پر دینے سے اجتناب کیا جائے ۔وگرنہ اساتذہ راست اقدام اُٹھانے پر مجبور ہونگے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4