امریکی ڈرون حملے ، فورسز کی کارروائیاں ، 26 داعش جنگجو ؤں سمیت 79افغان طالبان ہلاک
کابل(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) افغانستان میں امریکی ڈرون حملوں،افغان سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور جھڑپوں میں داعش کے 26جنگجو ؤں سمیت 79طالبان ہلاک ،درجنوں زخمی ہوگئے، جبکہ صوبہ ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ کے جنوب میں واقع اہم ضلع نوا با ر کز ئی سے طالبان کا قبضہ چھڑا لیاگیا، ایک شہری سمیت 4افغان اہلکار بھی مارے گئے۔افغان و غیر ملکی میڈ یا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز امریکی ڈرون حملہ مشرقی صوبہ ننگرہار میں کیا گیا جس کے نتیجے میں داعش کے 26جنگجو ہلاک ہو گئے ۔ صو با ئی پولیس کے ترجمان حضرت حسین مشرقی وال کا کہنا ہے دہشت گردوں کو ضلع رودات ، کوٹ اور ہیسکا مینا میں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے ٹھکانوں میں دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ادھر افغان سکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے 2 دن تک جاری رہنے والی شدید لڑائی کے بعد صوبہ ہلمند کے اہم ترین ضلعے نوا بارکزئی سے طالبان کا قبضہ چھڑا لیا ہے اور اس دوران طالبان کے 50 سے زائد جنگجوؤں کو بھی ہلاک کیا گیا۔ ترجمان افغان وزارت دفاع دولت وزیری نے تصدیق کی اور کہا کہ افغان فوسرز نے ضلعے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور اس دوران طالبان کے زیر استعمال گاڑیاں اور آلات بھی تباہ کیے گئے۔ سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے اور اب وہ گرمسیر قصبے کی جانب پیش قدمی کررہی ہیں۔دریں اثناء افغان صوبہ غورمیں طالبان کے افغان سکیورٹی چیک پوسٹ پرحملے کیخلاف جوابی کارروائی میں 13 طالبان ہلاک ہوگئے۔ طالبان نے چیک پوسٹ پررات گئے حملہ کیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان مقابلہ صبح سویرے تک جاری رہا،جوابی کارروائی میں 13 طالبان ہلاک اور9 زخمی ہوگئے۔صوبائی پولیس چیف کے مطابق جوابی کارروائی میں ایک شہری سمیت 4اہلکار بھی مارے گئے جبکہ صوبے میں صورتحال قابو میں ہے۔خیال رہے اس آپریشن میں افغان فورسز کو امریکی فوجی مشیروں، امریکی ایف سولہ طیاروں اور اپاچی ہیلی کاپٹرز کی فضائی معاونت بھی حاصل ہے اور وہ طالبان کو ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ پر قبضہ کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ طالبان افغانستان میں اپنی حکومت قائم کرنے کے خواہاں ہیں اور غیر ملکی افواج کی حمایت یافتہ حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ طالبان کمانڈر یہ کہہ چکے ہیں کہ افغانستان سے آخری غیر ملکی فوجی کے نکل جانے تک جنگ جاری رہے گی۔
داعش جنگجو ہلاک