سماجی مسائل کی بڑی وجہ تیزی کے ساتھ آبادی کا بڑھنا ہے،خلیل سندھو

سماجی مسائل کی بڑی وجہ تیزی کے ساتھ آبادی کا بڑھنا ہے،خلیل سندھو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں سماجی مسائل بڑھنے کی ایک بڑی وجہ تیزی سے آبادی کا بڑھنا ہے اور اس کے حل کے لئے تعلیم کو عام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا ہے کہ جہالت بہت سے سماجی مسائل کی بڑی وجہ ہے اور جتنی تعلیم عام ہوگی اتنے ہی مسائل کم ہوں گے۔ہم اپنے نوجوانوں کو برائیوں سے صرف تعلیم کے ذریعے ہی بچا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چھوٹی عمر میں شادی جیسے خطرناک مسئلہ کے حل کے لئے سول سوسائٹی،میڈیا،این جی اوز وغیرہ کو اپنا کردار نبھانا ہوگا ۔

اور لوگوں میں بیداری مہم کو تیز کرنے کی ضرورت ہے کہ چھوٹی عمر میں شادی سے کتنے مسائل جنم لیتے ہیں۔18سال سے کم عمر میں شادی کو روکنا وقت کی ضرورت ہے اور اس کے لئے باضابطہ قانون سازی میں بہتری لانا ہوگی۔صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ خواتین ہمارے معاشرے کا اہم جز ہیں اور ایک اچھی ماں ہی ایک اچھی قوم کی ضامن ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق میں خواتین کا ذکر نمایاں اہمیت کا حامل ہے اور اس کے لئے دنیا بھر میں موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔