جے آئی ٹی رپورٹ وزیراعظم کیخلاف سازش ہے ،اچھے برے کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے :ثناء اللہ زہری
کوئٹہ (صباح نیوز) وزیر اعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ وزیراعظم کے خلاف سازش ہے جو جمہوری نظام کے لیے خطرناک ہے بلوچستان کے عوام اور حکومت کا محمد نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے کسی فرد واحد کو منتخب وزیر اعظم کو ہٹانے کا کوئی حق نہیں اچھے بُرے کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے 2018میں فیصلہ آجائے گا2018کا انتظار کر لیا جائے تو سب کے لیے بہتر ہو گا کوئٹہ میں پارلیمانی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بعض عناصر ٹکراؤ کی سیاست چاہتے ہیں یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اداروں میں ٹکراؤ کے ہم سخت خلاف ہیں جے آئی ٹی رپورٹ منتخب وزیر اعظم کے خلاف سازش ہے منتخب جمہوری حکومت کو غیر مستحکم کرناملکی مفاد میں نہیں ہو گا ہم اداروں میں ٹکراؤ کی سازش کو ناکام بنا دیں گے جے آئی ٹی کی نامکمل رپورٹ پر شور شرابا سمجھ سے بالاتر ہے جس سے ثابت ہوتاہے کہ بعض عناصر ٹکراؤ کی سیاست چاہتے ہیں وزیر اعظم کیجے آئی ٹی کے حوالے سے سپریم کورٹ میں اعتراضات بھی جمع کرائے گئے ہیں جو انتہائی موثر ہیں وزیر اعظم اور ان کا خاندان آئین و قانون کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ سیاسی و جمہوری نظام بچانے کے لیے تمام سیاسی قیادت نے بصیرت کا مظاہرہ کیا انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے جب ایٹمی دھماکے کیے تب بھی ان کی حکومت کو سازش کے ذریعے ہٹایا گیا اب جبکہ وہ اقتصادی دھماکہ کرنا چاہ رہے ہیں تو ایک مرتبہ پھر ان کے خلاف سازشیں شروع کر دی گئی ہیں اگر آج غیر جمہوری طریقے سے کسی بھی منتخب وزیر اعظم یا حکومت کو ہٹایا جاتا ہے تو یہ عمل ملک کے سیاسی مستقبل کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو گا اور ایسی کوئی کوشش ملک کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کے مترادف ہو گی آج ہم ایک ایسے دوراہے پر کھڑے ہیں جہاں منتخب جمہوری حکومت کو غیر مستحکم کرنا ملکی مفاد میں نہیں ہو گا بلوچستان میں امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کا جو سفر شروع ہوا ہے وہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور منتخب صوبائی حکومت کی کوششوں کا مرہون منت ہے وزیر اعلٰی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور حکومت کو وزیر اعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے ان کی قیادت ہمارے لیے حوصلے اور تقویت کا باعث ہے ملک وقوم کے لیے خدمات کی انجام دہی وزیر اعظم کی ذمہ داری ہے اور وزیر اعظم نے بہتر طریقے سے ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں
ثناء اللہ زہری