صوبہ خیبرپختونخوا بیش بہا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے :محمد عاطف خان

صوبہ خیبرپختونخوا بیش بہا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے :محمد عاطف خان

پشاور( سٹاف رپورٹر ) خیبر پختونخواکے وزیرتعلیم و برقیات محمد عاطف خان نے چینی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں باالخصوص گیس اور پن بجلی میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ ہر قسم کی بیش بہا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ حکومت خیبر پختونخوابھی اس معاملے میں انتہائی سنجیدہ ہے اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے۔یہ دعوت انہوں نے پشاور میں چینی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کے دوران دی۔ اس موقع پر سیکرٹری توانائی نعیم خان، سی ای او پیڈو اور سی ای اوکے پی او جی سی ایل اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔وفد کے ارکان کو انرجی اینڈ پاور سیکٹر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے کثیر مواقعوں کے بارے میں بتایا گیا۔وفد کے ارکان نے مذکورہ سیکٹر ز میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لی اور ضروری معلومات حاصل کیں۔وزیر تعلیم و برقیات نے کہا کہ انرجی اینڈ پاور سیکٹرز میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا رسپانس انتہائی حوصلہ افزاء ہے اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول بہت سازگارہے اور اوپن پالیسی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہواہے۔انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں آئل ریفائنری کے قیا م پر تیز ی سے کام جاری ہے اور اراضی کے حصول کے لئے متعلقہ حکام سے باقاعدہ طور پر رابطہ کیا گیا ہے۔ان کا کہناتھا کہ حکومت خیبر پختونخوا نے گیس اور ہائیڈرو پاور سیکٹر میں سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات آفر کی ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گیس ایکسپلوریشن اور ہائیڈرو پاور سیکٹر میں صوبہ کو اپنے پاؤں پر کھڑاہونے کے کافی مواقع موجود ہیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ یہ صوبہ پورے ملک کے لئے رول ماڈل ہوگااور پورے ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید : کراچی صفحہ اول