پشاور میں ایف سی کی گاڑی پر حملہ قابل مذمت ہے ،ایم کیو ایم

پشاور میں ایف سی کی گاڑی پر حملہ قابل مذمت ہے ،ایم کیو ایم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کی رابطہ کمیٹی نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں ایف سی کی گاڑی پر خود کش حملہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور خود کش حملے کے نتیجے میں میجر جمال کے شہید اور متعدد اہلکاروں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایف سی کی گاڑی کو دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دہشت گرد اور ان کے سرپرست مسلح افواج اور سیکورٹی فورسز کی طرف سے کی جانے والی کارورائیوں سے خوفزدہ ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ مسلح افواج اور سیکورٹی فورسز نے سفاک اور درندہ صفت دہشت گردوں کے خلاف ملک بھر میں بڑی اور کامیاب کاروائیاں کی ہیں جن کے دوران متعدد دہشت گردوں کو نہ صرف گرفتار کیا گیا بلکہ انہیں سزائے موت بھی سنا دی گئی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ملک و قوم دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے اور ملک کے استحکام کیلئے کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی سرکوبی کے لئے نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر اس کی روح کے مطابق عمل ہونا چاہئے ، بلوچستان کے بعد خیبر پختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر دہشت گردوں کے حملے جہاں ان کی جھنجلاہٹ کو آشکار کرتے ہیں وہیں ان کی باقی ماندہ صلاحیت سے بھی خبردار کرتے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے خود کش بم دھماکہ میں شہید ہونے والے میجر جمال کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے ، سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے اور زخمی اہلکاروں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل جاویدقمر باجوہ سے مطالبہ کیا کہ پشاور حیات آباد میں ایف سی کی گاڑی کونشانہ بنانے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جاری آپریشنز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیاجائے ۔