پروفیسر اقبال چوہدری چین کی جامعہ میں وزیٹنگ فیکلٹی مقرر
کراچی(اسٹاف رپورٹر) چین کی حنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن نے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو چار سال کی مدت کے لئے وزیٹنگ پروفیسر مقرر کردیاہے۔آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ایک سینئرآفیشل کے مطابق چینی معروف تعلیمی ادارے نے یہ فیصلہ پروفیسر اقبال چوہدری کی نامیاتی کیمیاء میں غیر معمولی علمی و تحقیقی خدمات کے اعتراف میں کیا ہے۔ پروفیسر اقبال چوہدری نے نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں، تقریباً1800 سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں، امریکہ اور یورپ میں انکی تحریرو ادارت کردہ59کتب شائع ہوچکی ہیں، بین الاقوامی سائنسی جرائد میں1002 تحقیقی اشاعتیں اور 43 پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ مزیدبرآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو 12ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے انکے زیر نگرانی74طالبعلم پی ایچ ڈی اور 19 ایم فل مکمل کرچکے ہیں،بین الاقوامی اعزازات کا حامل ہونے کے ساتھ ساتھ پروفیسراقبال چوہدری کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغۂ امتیاز، ستارۂ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی اور اعلی تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے پروفیسر اقبال چوہدری کو انکی اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی مرکز اورجامعہ کراچی کے لئے اعزاز قرار دیا ہے۔