پرویز خٹک کے معاون کا نام شیڈول فور میں شامل، نااہلی درخواست پر سماعت ملتوی

پرویز خٹک کے معاون کا نام شیڈول فور میں شامل، نااہلی درخواست پر سماعت ملتوی
پرویز خٹک کے معاون کا نام شیڈول فور میں شامل، نااہلی درخواست پر سماعت ملتوی

  

اسلام آباد (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ شاہ محمد خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواستوں کی سماعت 27 جولائی تک ملتوی کردی۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا خان کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما ملک نعیم خان کی دائر درخواست کی سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل انوارالحق نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ پی ایف 72 بنوں سے منتخب ملک شاہ محمد خان اور ان کے بھائی ممبر ضلع کونسل بنوں ملک گل باز خان کے نام شیڈول فور میں موجود ہیں۔ قانون کے مطابق شیڈول فور میں شامل افراد الیکشن کیلئے اہل نہیں ہوسکتے۔ ان دونوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے، لہٰذا انہیں فوری طور پر نااہل کیا جائے۔ شاہ محمد خان اور ملک گل باز خان کے وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ اس کیس کے وکیل بابر اعوان سپریم کورٹ میں مصروفیت کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے، اگلی پیشی پر حاضر ہوں گے۔

مزید : اسلام آباد