بھارتی وزیر خارجہ کا پاکستانی شہریوں کو میڈیکل ویزوں کے اجرا سے متعلق اپنے پرانے موقف سے یوٹرن

نئی دہلی (آئی این پی)بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستانی شہریوں کو میڈیکل ویزوں کے اجرا سے متعلق اپنے پرانے موقف سے یوٹرن لیتے ہوئے جگر کے کینسر میں مبتلا پاکستانی شہری کو ویزہ دینے کا اعلان کردیا۔
ماں کی خواہش پر 20سال سے عورتوں کی طرح رہنے والاچینی نوجوان
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ سشما سوراج نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں جگر کے کینسر میں مبتلا آزاد کشمیر کے شہری اسامہ علی کو ویزہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔بھارتی وزیر خارجہ کاکہنا ہے کہ اسامہ علی کو ویزہ دیا جارہا ہے اس کیلئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے خط کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔واضح رہے کہ سشما سوراج نے 9جولائی کو کہا تھاکہ راولاکوٹ کے 24سالہ طالب علم کو ویزہ جاری کرنے کیلئے پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ایک خط کی ضرورت ہوگی ۔سشما سوراج نے یہ بھی کہا تھاکہ سرتاج عزیزکیلئے علی جو انکا شہری ہے کو خط جاری کرنا مشکل کام نہیں ہونا چاہیے ۔انکا کہنا تھاکہ بھارت میں علاج کیلئے آنے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے ویزہ اس صورت میں فوری طور پر جاری کیے جائیں گے جب وہ سرتاج عزیز کی جانب سے ایک سفارشی خط کے ساتھ آئیں گے ۔