نوازشریف کیخلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کیس کی سماعت بغیرکسی کارروائی کے 30 جولائی تک ملتوی

نوازشریف کیخلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کیس کی سماعت بغیرکسی کارروائی ...
نوازشریف کیخلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کیس کی سماعت بغیرکسی کارروائی کے 30 جولائی تک ملتوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف العزیزیہ سٹیل ملزاورفلیگ شپ ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 30 جولائی تک ملتوی ہو گئی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نوازشریف کیخلاف العزیزیہ سٹیل ملزاورفلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کی،نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔
العزیزیہ،فلیگ شپ ریفرنس کے جیل ٹرائل کانوٹیفکیشن احتساب عدالت میں پیش کیا گیا،جج احتساب عدالت نے استفسار کیا خواجہ صاحب !جیل ٹرائل کے معاملے پرکیاکیاجائے؟۔
خواجہ حارث نے کہا کہ آپ کے نوٹس میں لاناچاہتے ہیں کہ ریفرنسزپرسماعت نہ کریں،جج محمد بشیر نے کہا کہ ہائیکورٹ کوخط لکھ دیا ہے ،کیس منتقلی میرااختیارنہیں۔
خواجہ حارث نے کہا کہ اپنے ضمیرکے مطابق بھی دیکھیں،کیاآپ کویہ کیس سننے چاہئیں،جج احتساب عدالت نے کہا کہ آپ نے ٹرائل منتقلی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دی،اس کاکیابنا؟،وکیل نوازشریف نے کہا کہ انصاف نہ صرف ہونا چاہئے بلکہ ہوتانظر بھی آناچاہئے،ہم جہاں بھی گئے پراسیکیوٹرموجود تھے،گزشتہ روزپراسیکیوٹرزمیں سے کوئی بھی ہائیکورٹ میں نہیں تھا۔
خواجہ حارث نے کہا کہ ٹرائل منتقلی کی درخواست پرفیصلے تک کارروائی کاحصہ نہیں بنیں گے،آپ نے جوحکم کرناہے کردیں۔
نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا کہ خواجہ حارث نے سپریم کورٹ میں بھی معاملہ اٹھایا، سپریم کورٹ نے متعلقہ فورم پرجانے کاکہا،اس وقت تک ریفرنسز کی کارروائی آگے بڑھانے پرکوئی حکم امتناع نہیں ہے،مناسب ہوگاجن جج صاحب نے پوراکیس سناوہ آگے بڑھائیں۔
جج محمد بشیر نے خواجہ حارث سے استفسار کیا کہ جیل ٹرائل پرآپ کیاکہیں گے،وکیل نوازشریف نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرزکواعتمادمیں لےکرفیصلہ کرناچاہئے تھا،ہم اپنے موکل سے مشورہ کرکے جواب دے سکتے ہیں۔
جج احتساب عدالت نے کہا کہ یہ اتنا آسان نہیں کہ یہاں اٹھیں اورجیل میں ٹرائل شروع کردیں،جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ وکلاصفائی،گواہ اورجج کیلئے جیل میں جانے کاکیا طریقہ ہوگا؟
نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا کہ نوٹیفکیشن پراب استغاثہ یادفاع کوئی اعتراض نہیں کرسکتے،خواجہ حارث نے کہا کہ جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن کامقصدہمیں معلوم ہے، نوٹیفکیشن کامقصد ہے الیکشن سے پہلے کوئی نوازشریف کودیکھ یاسن نہ سکے،2روزسے کوشش کررہاہوں،نوازشریف تک رسائی نہیں دی جارہی،نیب پراسیکیوٹرسردارمظفرنے کہا کہ جیل میں بڑااچھااورپرامن ماحول ہوتا ہے۔
عدالت نے العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسزکی سماعت بغیرکسی کارروائی کے 30 جولائی تک ملتوی کردی۔