نواز شریف کو جیل میں کیا سہولتیں فراہم کی گئیں اور وہ اپنی فیملی سے کس دن مل سکتے ہیں ؟نگران وزیر اطلاعات پنجاب بھی میدان میں آگئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )نگران وزیر اطلاعات پنجاب احمد وقاص نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جیل میں مناسب سہولیات فراہم کی گئی ہیں ،انہیں ایک باروچی بھی دیا گیا ہے ۔
اڈیالہ جیل میں انتظامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئےنگران وزیر اطلاعات پنجاب احمد وقاص کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا معائنہ پی آئی سی کے ڈاکٹرز کرتے ہیں اور انہیں ایک باروچی بھی دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتا یا کہ مریم نواز کو خواتین کی جیل میں بہترین سہولتیں دی گئیں جبکہ نواز شریف کو جیل میں چہل قدمی کے لیے جگہ فراہم کی گئی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی فیملی جمعرات کو ان سے ملاقات کر سکتی ہے ۔