260گیس چوروں سے 70لاکھ روپے کی ریکوری کی،علاؤ الدین خان

260گیس چوروں سے 70لاکھ روپے کی ریکوری کی،علاؤ الدین خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) سوئی ناردرن گیس کمپنی ہربنس پورہ ایریا کے چیف انجینئر علاؤ الدین خان نے کہا ہے کہ تعیناتی کے ڈیڑھ ماہ کے دوران ڈیفالٹرز اور گیس چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کر کے 260 ڈیفالٹرز سے 70 لاکھ روپے ریکوری کی ہے۔ 450 گیس کنکشن منقطع کر کے 32 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے ڈالے گئے ہیں۔ گزشتہ روز ”روزنامہ پاکستان“ سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ تعیناتی کے بعد دفترمیں ایجنٹ مافیا اور ٹاؤٹ مافیا کا داخلہ بند کر دیا ہے جس میں صارفین کی شکایات خود سن رہا ہوں اور صارفین ان سے ڈائریکٹ مل رہے ہیں جبکہ صارفین کی سہولت کے لئے کسٹمر سروس سنٹر پر تربیت یافتہ سٹاف کی تعیناتی کر دی ہے، صارفین کو دفترمیں باربارچکرلگانے نہیں پڑ رہے اور شکایات میں بھی کمی واقع ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایم سوئی گیس لاہور ریجن طیب فیصل کی ہدایت پرکارروائی کر رہے ہیں،بلنگ افسر عمران افضل پر مشتمل بلنگ کی ٹیم نے ریکوری کی۔

ڈیفالٹر سے گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 70 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی ہے۔


اسی طرح گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے گیس چوروں کو 32 لاکھ روپے کے جرمانے ڈالے گئے ہیں۔ اسی طرح سیلز افسر عتیق الرحمن پر مشتمل شعبہ سیلز کی ٹیم نے ان کی نگرانی میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 240 ارجنٹ اور 300 کے قریب نارمل فیس کے ڈیمانڈ نوٹس جاری کیے ہیں جس میں 77 ارجنٹ اور 377 نارمل فیس جمع کروانے والے صارفین کو گیس کے نئے کنکشن فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موسم سرما میں گیس لیکیج کی شایات کے پیش نظر ایمرجنسی ٹیموں کو 24 گھنٹوں کے لئے الرٹ کردیا گیا ہے اور گیس کی پرانی اور گہری لائنوں کو بڑے پیمانے پر تبدیل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جس میں گنجان آبادیوں میں پرانی لائنوں کو تبدیل کرنے کے لئے ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کرپشن کے مکمل طور پر خلاف ہے اوران کی ٹیم میں صرف اور صرف اہل افسران اور ملازمین ہوں گے اور گیس کمپنی کے رولز اور ضوابط کے برعکس کام کرنے والے کسی بھی اہلکار کو معافی نہیں دی جائے گی جس میں ایجنٹ اور ٹاؤٹ مافیا کے داخلہ کو بند کرنے سے صارفین کی کرپشن کے بارے شکایات میں 100 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔